پشاور،بی آرٹی بس کے آزمائشی سفر کے دوران خاتون کی ہلاکت کا نوٹس، ڈرائیور گرفتار
خیبرپختونخوا کے میگا بس منصوبے 'بی آر ٹی' کے آزمائشی سفر کے دوران خاتون لبنیٰ کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لے لیا گیا جب کہ پولیس نے ملزم کو بھی گرفتار کرلیا۔
صوبائی حکومت نے ڈپٹی کمشنر پشاور سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
حادثے کے فوراً بعد فرار ہونے والے بس ڈرائیور کو پولیس نے پشاور کے علاقے حیات آباد سے گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی بس کا ڈرائیور انجینئر سنان گزشتہ روز خاتون لبنیٰ کو ٹکر مارنے کے واقعے کے بعد فرار ہوگیا تھا۔
بس حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون لبنیٰ کا تعلق چارسدہ کی تحصیل تنگی سے تھا، جسے نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کردیا گیا ہے تاہم خاتون کے اہل خانہ کی جانب سے حکومت سے انصاف کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خاتون فیز تھری چوک پر سڑک پار کر رہی تھی کہ بی آر ٹی بس کی زد میں آکر جاں بحق ہوئی جس کے بعد بی آر ٹی بس کی آزمائشی سروس عارضی طور پر بند کردی گئی تھی۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے چند روز قبل ہی خیبر پختونخوا حکومت نے بی آر ٹی بسوں کی آزمائشی سروس شروع کی تھی۔
دو روز قبل خیبر پختونخوا کی انسپکشن ٹیم نے اپنی رپورٹ میں بھی بی آر ٹی منصوبے میں کئی خامیوں کی نشاندہی کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ بی آر ٹی منصوبہ مناسب منصوبہ بندی کے بغیر شروع کیا گیا، ڈیزائن میں تبدیلی کے باعث منصوبے کی لاگت میں اضافہ ہوا اور عوام کے پیسے کو بی آر ٹی پر ضائع کیا گیا۔