اسلام آباد،جعلی اکاؤنتس کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی
جعلی
بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال
تالپور اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے، کیس کی سماعت 16 اپریل
تک ملتوی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق
صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور آج اسلام آباد کی
احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے آصف زرداری سمیت تمام 24 ملزمان کو
طلب کر رکھا تھا جن میں فریال تالپور، حسین لوائی، طحہٰ رضا، انور مجید اور
دیگر ملزمان شامل ہیں۔
کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک
نے کی۔ یہ مقدمہ اسی عدالت میں جاری ہے جہاں سے سابق وزیر اعظم نواز شریف
کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا ہوئی تھی۔
جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کو کراچی
کی بینکنگ کورٹ سے اسلام آباد کی احتساب عدالت منتقل کیا گیا تھا جہاں آج
آصف زرداری کو طلب کیا گیا۔
پیپلز پارٹی قیادت کی پیشی کے موقع پر امن
و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے 200 رینجرز اہلکار طلب کیے
گئے، اس دوران غیر متعلقہ شخص کو عدالت میں جانے کی اجازت نہیں تھی جبکہ
متعلقہ راستوں پر بھی نفری تعینات کی گئی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان
ملک کہتے ہیں کہ جس طرح احتساب عدالت کی جانب آنے والی سڑکیں بند کی گئی
ہیں یہ مناسب نہیں تھا، عدالت اگر حکم کرتی کہ ہماری حدود میں نہیں آنا تو
الگ بات تھی، لیکن انتظامیہ کی جانب سے سڑک بند کرنا انسانی حقوق کی خلاف
ورزی ہے۔
اس موقع پر رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے
گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم عدالتوں سےقتل ہو کر بھی عدالتوں کا سامنا کرتے
اور پیش ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حیران ہیں کہ یہاں ہم 5 لوگ
آئے ہیں اور 5 ہزار سیکیورٹی اہلکار کھڑے ہیں، وکلا ءعدالتوں میں نہیں
آئیں گے تو کیس کیسے لڑیں گے؟