لاہور،رمضان شوگر ملز اور صاف پانی اسکینڈل کیس میں حمزہ شہباز کی 17 اپریل تک عبوری ضمانت منظور
ہائی کورٹ نے رمضان شوگر ملز اور صاف پانی اسکینڈل کیس میں حمزہ شہباز کی 17 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔
پنجاب
اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے لاہور ہائیکورٹ میں رمضان شوگر ملز
اور صاف پانی کرپشن کیس میں عبوری ضمانت کے لیے الگ الگ درخواستیں دائر
کیں جس پر ہائی کورٹ کے جج جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں 2 رکنی
بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
حمزہ شہباز کی جانب سے درخواست میں موقف
اپنایا گیا کہ نیب کی طرف سے رمضان شوگر اور صاف پانی کیس میں گرفتاری کا
خدشہ ہے، نیب پہلے بهی سیاستدانوں کو کسی اور انکوائری میں بلا کر دوسرے
مقدمات میں گرفتار کر چکا ہے، خدشہ ہے کہ نیب مجهے بهی کسی اور انکوائری
میں بلا کر رمضان شوگر اور صاف پانی اسکینڈل میں گرفتار کرسکتا ہے۔
عدالت
نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد حمزہ شہباز کی دونوں کیسز میں 17 اپریل تک
عبوری ضمانت منظور کرلی، عدالت نے دونوں کیسز میں حمزہ شہباز کو ایک ایک
کروڑ کے مچلکے بھی جمع کرانے کا حکم دیا۔
بعد ازاں ذرائع ابلاغ عامہ کے
نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نیب کی حرکات و
سکنات سے سب واقف ہیں شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ کیس
میں گرفتار کیا گیا۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ دس سال تک نیب کی پیشیاں بھگتی ہیں پہلے بھی سرخرو ہوا تھا اب بھی سرخرو ہوں گا۔