کراچی، گیس کی قیمتوں میں 80 فیصد اضافے نے عوام کو دن میں تارے دکھادیئے
پیٹرول اور اشیاء خوردنوش کی قیمتو ں میں پے درپے اضافے کے بعد گیس کی
قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کو دن میں تارے دکھادیئے۔حکومت کی جانب سے
گیس کی قیمتوں میں اچانک 80 فیصد ہوشربا اضافے کے فیصلے پر عوام سخت ذہنی
اذیت سے دوچار ہوگئے ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے غریب آدمی سے جینے کا حق تک چھین لیا ہے۔
ایک ہوٹل کے مالک رحیم اللہ کا کہنا تھا کہ نئے حکمران آنے کے بعد سے ہر
چیز کی قیمتیں دگنی ہوگئی ہیں۔ پہلے ہم گیس کا ماہانہ بل پینتیس ہزار روپے
ادا کرتے تھے اب ہم ساٹھ ہزار روپے ماہانہ گیس کا بل ادا کررہے ہیں۔ دودھ
کی قیمت میں بیس روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا ہے جو کہ غریب عوام کے ساتھ
سراسر زیادتی کے مترادف ہے۔
ایک شہری کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے بے شک کھانے پینے کی
چیزوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ ہوٹلوں پر روٹی، سالن اور دیگر اشیاء
خوردنوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں۔ گیس کی قیمت عام آدمی کی قوت خرید سے
باہر ہوتی جارہی ہے، تندور والے بھی پریشان ہیں۔