فرانس کے تاریخی شہر کی انتظامیہ نے تفریحی پارک کو بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب کردیا
فرانس کے
تاریخی شہر ریمز میں مقامی انتظامیہ نے بے نظیر بھٹو شہید کو خراج تحسین
پیش کرنے کے لئے تفریحی پارک کو ان کے نام سے منسوب کر دیا۔
تفصیلات
کے مطابق فرانس کے دارلحکومت پیرس سے تقریبا ڈیڑھ سو کلو میٹر دور تاریخی
شہرریمز میں ایک تفریحی پارک کو پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو
شہید کے نام سے منسوب کر دیا گیاہے ۔
مقامی انتظامیہ نے پاکستان کی سابق
وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید کو خراج تحسین پیش کر نے اور ان کی جدوجہد کے
اعتراف میں پارک کو ان کے نام سے منسوب کیا ۔
گذشتہ سال اگست میں
ہسپانوی حکام نے پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم شہید بے نظیر بھٹو کو
خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بارسلونا کی ایک اسٹریٹ کو محترمہ کے نام سے
منسوب کیا تھا، جس کے بعد سے ہسپانوی عوام گلی کو ’کیرر دی بے نظیر بھٹو‘
کے نام سے جانی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو 21 جون سنہ
1953 کو پیدا ہوئیں اور سنہ 1988 سے 1990 تک اور پھر 1993 سے 1996 تک
پاکستان کی وزیر اعظم منتخب ہوئیں تھیں، جنہیں 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی
میں شہید کردیا تھا۔