کراچی، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کا سری لنکا میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے تحت سری لنکا میں گرجا گھروں اور ہوٹل میں
بم دھماکوں کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کے خلاف کراچی پریس کلب کے
باہر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز
اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جبکہ مظاہرین کی جانب سے نعرے بازی کا سلسلہ
بھی مسلسل جاری رہا۔
مظاہرے میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ ہم اس دہشت
گردی کے واقعے کے نتیجے میں دوسو سے زائد انسانی جانوں کے ضیاع کی شدید
ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
مظاہرے میں شریک ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے رکن جمشید حسین کا کہنا
تھا کہ سری لنکا میں ہونے والے بم دھماکے دراصل قومیتوں اور مذہب کے مابین
فسادات کرانے کی سازش ہیں۔ ہم اس واقعہ کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے
ہیں۔