کراچی، گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی گولہ گنڈا اور ٹھنڈے مشروبات کی مانگ میں زبردست اضافہ
ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے بعد دیگر شہروں کی طرح صوبائی
دارالخلافہ کراچی میں بھی ٹھنڈے مشروبات اور گولہ گنڈے کی مانگ میں زبردست
اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ شہری اور بچے جوق در جوق گرمی سے نجات کیلئے گلی
محلوں میں گولہ گنڈا بیچنے والوں کی ریڑھی پر منڈلاتے دکھائی دیتے ہیں۔
گولہ گنڈا رنگ برنگے ہونے کے ساتھ ساتھ چاکلیٹ اور کومیل کی آمیزش سے انتہائی لذیذ ہوجاتے ہیں جس سے شہری لطف اندوز ہوتے ہیں۔
گرمی کے موسم میں گولہ گنڈا کھانے کیلئے آئے ایک شہری محمد ایاز کا کہنا
تھا کہ میں گزشتہ آٹھ نو سال سے یہیں سے گولہ گنڈا کھارہا ہوں۔ گرمی بہت
زیادہ ہے، گولہ گنڈا کھاکر مزے لے رہا ہوں۔ برف سے بنا گولہ گنڈا بہت تسکین
دیتا ہے۔
ایک اور شہری جبار صابر کا کہنا تھا کہ کراچی کا گولہ گنڈا بہت مشہور ہے،
خالص چینی سے گولہ گنڈا بنایا جاتا ہے۔ دوسری جگہوں پر مہنگے بیچے جاتے ہیں
لیکن گلی محلوں میں یہ سستے ملتے ہیں، لوگ کھاتے ہیں تو خوش ہوجاتے ہیں۔