بیجنگ، پاکستان ملایشیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، وزیر خارجہ
وزیر
خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت
کیلئے آئے ہوئے ملائشین وزیر خارجہ سیف الدین عبداللہ سے ملاقات کی۔ دوران
ملاقات دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس
موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان ملایشیا کے ساتھ دو طرفہ
تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔دونوں ممالک کی قیادت کی جانب
سے ایک دوسرے کے ممالک میں کیے گئے حالیہ دوروں سے دوطرفہ برادرانہ تعلقات
مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ملایشیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اپنی انتھک محنت سے ملائشیا کی اقتصادی ترقی میں حتی المقدور کردار ادا کر رہی ہے۔
ملائشین وزیر خارجہ نے ملایشیا اور پاکستان کے مابین دوطرفہ اقتصادی، سیاسی ، تہذیبی اور عوامی سطح پر روابط جاری رکھنے پر زور دیا۔
ملایشیا کے وزیر خارجہ نے ملایشیا کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کی خدمات کو سراہا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے ملایشین ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔
دورے کی ممکنہ تاریخوں کا تعین دونوں ممالک مشاورت سے طے کریں گے۔