سری نگر، قابض بھارتی فوج کی جارحیت سے مزید 3 کشمیری نوجوان شہید
قابض
بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے 3 کشمیری
نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں قابض بھارتی فوج
نے گھر گھر تلاشی کے دوران فائرنگ کر کے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
تین میں سے ایک نوجوان کو سرچ آپریشن کی خلاف ورزی پر فائرنگ کا نشانہ
بنایا گیا۔
سرچ آپریشن کے دوران ضلع شوپیاں میں انٹرنیٹ اور موبائل
سروس بھی معطل کردی گئی جب کہ داخلی و خارجی راستوں پر بھاری نفری تعینات
کردی گئی ہے اور کسی کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ گھر گھر تلاشی کے
نام پر چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔
قبل ازیں ضلع
شوپیاں میں ہی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بھارتی فوج کا ایک اہلکار زخمی
ہوگیا تھا جس پر بھارتی فوج کو سرچ آپریشن کرنے کا بہانہ ہاتھ آگیا اور
بھارتی فوج نے اپنی روایتی جارحیت کا مظاہرہ کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ
اپریل میں بھارتی فوج نے مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 13 کشمیریوں کو
شہید اور 132 کو زخمی کیا جب کہ 182 شہریوں کو بلاجواز حراست میں لیا گیا
اور 6 خواتین کی عصمت دری کی گئی، اسی طرح وادی بھر میں 20 مکانوں کو تباہ
کیا گیا۔