May 09, 2019 04:41 pm
views : 299
Location : Supreme Court of Pakistan Karachi Registry
Karachi- Supreme Court issues contempt of court notice to Saeed Ghani
کراچی ، انسداد تجاوزات کیس میں وزیر بلدیات سعید غنی کو توہین عدالت کا نوٹس
سپریم
کورٹ نے فوجی زمینوں پر شادی ہالز سے متعلق سیکریٹری دفاع کی رپورٹ مسترد
کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کو بھی توہین عدالت کا نوٹس جاری
کردیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں تجاوزات کے خلاف درخواستوں کی سماعت
ہوئی تو اٹارنی جنرل، سیکریٹری دفاع، میئر کراچی، ایڈووکیٹ جنرل، ایم ڈی
واٹر بورڈ، کنٹونمنٹ کے افسران اور دیگر اعلیٰ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
جسٹس
گلزار احمد نے کہا کہ آرمی کا شادی ہال چلانے کا کیا جواز بنتا ہے، فوجیوں
کو کیا مسئلہ ہے کہ وہ شادی ہال بنائیں، فوج کو کیا اختیار ہے کہ سرکاری
زمین کسی فرد کے حوالے کردے۔
انسداد تجاوزات آپریشن سے متعلق بیان دینے
پر سپریم کورٹ نے وزیر بلدیات سعید غنی اور میئر کراچی وسیم اختر پر برہمی
کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر بلدیات کہتے ہیں میں عدالتی حکم پر عمل
نہیں کروں گا، میئر کراچی بھی بولتے پھر رہے ہیں ہم عمارتیں نہیں گرائیں
گے، کیا یہ لوگ عدالت سے جنگ کرنا چاہتے ہیں، پورے شہر میں لینڈ مافیا منہ
چڑا رہا ہے اور یہ ایسی باتیں کرتے پھر رہے ہیں۔
سپریم کورٹ نے صوبائی
وزیر بلدیات سعید غنی کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں توہین عدالت کا نوٹس
جاری کردیا۔ درخواست گزار محمود اختر نقوی نے کہا کہ سعید غنی نے عدالتی
حکم کے خلاف تقریر کی اور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے کا اعلان کیا۔
جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ حکومت چاہے تو 5 منٹس میں بلڈوزر منگوا کر
آپریشن شروع کرسکتی ہے، اگر تجاوزات ختم کرنا چاہے تو کیوں نہیں کام
ہوسکتا۔