اسلام آباد، کم ترقی یافتہ اور پس ماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم
وزیرِ
اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کم ترقی یافتہ اور پس ماندہ علاقوں کی ترقی
حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اقتصادی ترقی کا عمل اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا
جب تک پس ماندہ علاقوں کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر نہ لایا
جائے۔وزیراعظم نے کراچی کے لئے صوبائی اور مقامی حکومت کی مشاورت سے مربوط
منصوبہ پر کام کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام برائے مالی سال 2019-20 پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔
اجلاس
سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے لئے
ضروری ہے کہ نالج اکانومی کو فروغ دیا جائے تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے
استفادہ کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ زرعی شعبے میں ملکی صلاحیت کو برؤے کار
لانے کے لئے بھی ضروری ہے کہ اس شعبے میں جدت اور جدید ٹیکنالوجی کو
متعارف کرایا جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ماضی میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ
پروگرام کے تحت مختلف منصوبے شروع کر دیے جاتے تھے تاہم ان کی تکمیل اور
فعالیت پر توجہ نہیں دی جاتی تھی جس کے نتیجے میں نہ صرف ان منصوبوں کی
لاگت میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آتا تھا بلکہ کثیر وسائل خرچ کرنے کے
باوجود بھی اکثر منصوبوں سے عوام کو کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں پہنچتا
تھا۔