لاہور، حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں28 مئی تک توسیع
لاہور
ہائی کورٹ نے رمضان شوگر ملز ، صاف پانی اور آمدن سے زائد اثاثے کیس میں
حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 28مئی تک توسیع کردی، وکیل نیب نے کہا حمزہ
شہباز کو گرفتار نہ کیا گیا تو خدشہ ہے ملک سے فرار ہو جائیں گے۔لاہور ہائی
کورٹ میں جسٹس علی باقرنجفی کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے رمضان شوگر ملز ،
صاف پانی اور آمدن سے زائد اثاثے کیس میں حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں
توسیع کیلئے درخواستوں پر سماعت کی۔
عبوری ضمانتوں میں توسیع کیلئے
حمزہ شہباز لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے ،وکیل نیب نے کہا حمزہ
شہبازکےوکلا کوگرفتاری کی وجوہ، انکوائری و تفتیشی ریکارڈ فراہم کر دیا ،
عدالت کو اختیار ہے ضمانت خارج کردے یا منظور ، جو دستاویزات حمزہ شہباز کے
وکلا نے مانگی انہیں فراہم کر دیں ہیں۔
وکیل نیب کا کہنا تھا حمزہ
شہباز نےاربوں کے اثاثے بنائے جن کےذراائع نامعلوم ہیں ، بھائی سلمان اور
والدہ کے اکاونٹ میں بیرون ملک سےاربوں روپے آئے ، حمزہ شہباز سے تحقیقات
کرنے کے لیے گرفتاری ضروری ہے ، حمزہ شہباز کو گرفتار نہ کیا گیا تو خدشہ
ہے ملک سے فرار ہو جائیں گے۔
وکیل حمزہ شہباز نے کہا انکوائری پرچیئرمین
نیب کی اجازت کاتحریری حکم نہیں دیا جا رہا، اجازت نامہ موجود نہیں تو
تمام کارروائی غیر قانونی ہے۔
بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 28مئی تک توسیع کردی۔