امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کا محصولات ختم کرنے پر سمجھوتہ طے پاگیا
امریکی
حکومت کا کہنا ہے کہ وہ کینیڈا اور میکسیکو سے فولاد اور ایلومینیم کی
درآمدات پر سے محصولات ختم کرنے کے ایک سمجھوتے پر پہنچ گئی ہے۔ ٹرمپ
انتظامیہ نے امریکی فولاد سازوں کے تحفظ کے لئے گزشتہ سال کئی ممالک سے
ایسی دھاتوں کی درآمدات پر بھاری محصولات عائد کر دیئے تھے،تاہم امریکا کے
تجارتی نمائندہ دفتر نے گزشتہ جمعہ کے روز اعلان کیا تھا کہ کینیڈا اور
میکسیکو کے ساتھ محصولات ختم کرنے کے لئے ایک سمجھوتہ طے ہو گیا ہے۔
مذکورہ
دونوں ممالک بھی امریکا پر لگائے گئے جوابی محصولات ختم کر دیں گے۔ اِس
تازہ ترین اقدام سے امریکی حکومت کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ گزشتہ سال
نومبر میں دستخط کیے گئے ایک نئے سمجھوتے کے لئے کانگریس سے منظوری حاصل
کرنے میں ایک قدم نزدیک آ گئی ہے۔کئی قانون سازوں نے کہا تھا کہ صدر ڈونلڈ
ٹرمپ کی انتظامیہ کو پہلے مذکورہ دونوں ممالک کیساتھ دھاتوں پر محصولات سے
متعلق اپنے تنازع کو حل کرنا چاہیے۔ صدر ٹرمپ نے ایک خطاب میں سمجھوتے کو
سراہتے ہوئے کہا کہ اِس سے امریکی معیشت کو مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی۔
جاپان، چین اور دیگر ممالک سے فولاد اور ایلومینیم کی درآمدات پر امریکہ
کے بلند محصولات برقرار ہیں۔