May 25, 2019 04:07 pm
views : 293
Location : Domestic Place
Karachi- PM promises economic jumpstart by July
کراچی، پاکستان پر مزید دو ماہ مشکل گزریں گے، وزیر اعظم
وزیراعظم
عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان پر مزید دو ماہ مشکل گزریں گے لیکن قوم
متحد ہو کر ہر قسم کے چیلنجوں کا مقابلہ کرسکتی ہے، ہمیں آئی ایم ایف سے
بہت پہلے رجوع کرلینا چاہیے تھا۔
شوکت خانم ہسپتال کے لیے فنڈ ریزنگ
افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شوکت خانم
اسپتال کا منصوبہ شروع کیا تو لوگوں نے کہا یہ ہسپتال نہیں بن سکتا کیوں کہ
کینسر کا علاج مہنگا بہت ہوتا ہے، ایسے مشکل وقت میں سیٹھ عابد ہمارے ساتھ
کھڑے ہوئے اور دیگر لوگوں نے بھی ساتھ دیا، اب شوکت خانم واحد ہسپتال ہے
جسے جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل کی سرٹیفکیشن مل چکی ہے، ایسا اس لیے ممکن ہوا
کہ اس ہسپتال میں 75 فی صد مریضوں کا مفت علاج ہو رہا ہے۔
وزیر اعظم نے
کہا کہ 25 سال میں اس ہسپتال نے غریب مریضوں کے علاج پر 40 ارب روپے خرچ
کیے، زکوة سے ملنے والی رقم صرف غریب مریضوں کے علاج پر خرچ کی جاتی ہے اس
سے کوئی تعمیرات نہیں کی جاتیں، ہر سال پہلے سے زیادہ عطیات اکٹھے ہوتے
ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سال ہسپتال کو ساڑھے 8 ارب روپے کا خسارہ ہے
تاہم گزشتہ سال کی نسبت زائد عطیات جمع ہوئے ہیں، پشاور کا ہسپتال بھی بن
چکا ہے، یہاں کیمو تھراپی اور ریڈی ایشن تھراپی کے بعد اس سال کے آخر تک
آپریشن بھی شروع کر دیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ان دونوں ہسپتالوں کے
مقابلوں میں کراچی میں بننے والا کینسر ہسپتال زیادہ جدید ہوگا جب ہم نے
لاہور کینسر ہسپتال شروع کیا تھا تو ہمارے پاس ایک کروڑ روپے بینک میں تھے
اور 70 کروڑ کا منصوبہ شروع کیا اور اسے تین سال میں مکمل کیا، پیسوں کی
وجہ سے ایک دن بھی کام میں رکاوٹ نہیں ہوئی، یہ اللہ کی برکت تھی۔