لندن،اپنی زندگی میں عمران خان سے زیادہ جھوٹ بولنے والا وزیراعظم نہیں دیکھا،شہباز شریف
اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں عمران خان سے زیادہ جھوٹ بولنے والا وزیراعظم نہیں دیکھا، عمران خان بدقسمتی سے دن رات جھوٹ بولتے ہیں۔
لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئےانکا کہنا تھا کہ طبی معائنہ ضروری تھا اس لیے وہ لندن آئے اور ان کے جسم سے کینسر کا مرض مکمل طور پہ ختم ہو چکا ہے،چئیرمین نیب سے منسوب کر کے لیک کی جانے والی ویڈیو کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ چئیرمین نیب سے آج تک نہیں ملے اور چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے حوالے سے ملک احمد خان کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ نواز شریف پوری ٹیم کی مدد سے آگے بڑھ رہے ہیں اور عید کے بعد اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہو کر مشاورت سے فیصلہ کریں گی۔
واضح رہے کہ لندن میں مسلم لیگ ن کی تقریب میں شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی.ایک گروہ نے دوسرے گروہ کے لئے کانفرنس کے دروازے بند کر دیےجبکہ شدید بدنظمی اور شور کے باعث شہبازشریف تنظیم سازی کا اعلان نہ کر سکے،اس موقع پر ن لیگی کارکنوں نے شہبازشریف سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ اقتدارمیں ہوتے ہیں، تو آپ ہم سے ملتے بھی نہیں ہیں،ن لیگی کارکنان نے قیادت سے شکوہ کیا کہ اپوزیشن میں آتے ہی آپ کو اوورسیزکارکنوں کی ضرورت پڑجاتی ہے، ورنہ اقتدارمیں آپ چند افراد کے حصارمیں رہتے ہیں۔
قبل ازیں شہبازشریف کے دست راست افضال بھٹی نے صحافیوں سے بد تمیزی کی، جس کی وجہ سے صحافیوں کی طرف سے شہبازشریف کی میٹنگ کا بائیکاٹ کر دیا گیا۔