کراچی، یوم علی کے مرکزی جلوس کے شرکاء کی جانب سے نماز ظہرین کی ادائیگی
داماد
رسول ؐ،امیرالمومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت پیر 21رمضان
المبارک کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس دن کی مناسبت
سے ملک بھر میں جلوس، مجالس ، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا۔
جن میں علمائے کرام اور ذاکرین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی حیات مبارکہ پر
تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں تمام چھوٹے بڑے شہروں
میں ماتمی جلوس نکالے گئے۔
جلوس کے شرکاء نے تبت سینٹر پر نماز ظہرین ادا کی ۔
حفاظتی
انتظامات کے سلسلہ میں جلوسوں میں داخلے کیلئے مخصوص راستے رکھے گئے۔
شرکاء کو جامع تلاشی کے بعد ہی جلوس میں شرکت کی اجازت ملی۔ پولیس سمیت
دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے جلوس کے روٹس کی سرچ اور
سوئپنگ کی گئی۔ جلوسوں کی کڑی نگرانی اور حفاظتی انتظامات کی مانیٹرنگ
کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے ۔
کراچی میں یوم علی رضی اللہ عنہ کا
جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا۔ جس کے بعد مرکزی ماتمی جلوس محفل شاہ
خراساں ،نوائے وقت چورنگی،مزار قائد ،نیو پریڈی اسٹریٹ کوریڈور 3،صدر ،بندر
روڈ سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوا۔