ریاض، حرمین شریفین کی حرمت یا سلامتی کو کوئی خطرہ درپیش ہوا تو پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہو گا، شاہ محمود قریشی
او آئی
سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود
قریشی نے سعودی وزیرخارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے خصوصی
ملاقات کی۔دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی
کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے
واضح کیا کہ حرمین شریفین کی حرمت یا سلامتی کو کوئی خطرہ درپیش ہوا تو
پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہو گا۔پاکستان کا امن و استحکام ،اس مقدس
سر زمین کے امن و استحکام سے منسلک ہے ۔
شاہ محمود قریشی کا یہ بھی
کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے سعودی عرب کی
جیلوں میں قید 2107 قیدیوں کی رہائی کے اعلان نے عوام کے دل جیت لئے ۔
وزیر
خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پلوامہ واقعہ کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے
دوران سعودی عرب کے مصالحانہ کردار کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ او آئی سی
میں ہندوستان کی شمولیت کسی بھی حیثیت میں قابلِ قبول نہیں ۔
سعودی
وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس
میں شرکت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے
انہیں پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے جلد حل کیلئے ہر ممکن تعاون کا
یقین دلایا۔