جدہ، پاکستان او آئی سی کو بہت اہمیت دیتا ہے ، شاہ محمود قریشی
او آئی
سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود
قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثمین سے
ملاقات کی۔جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹریٹ میں ہونے والی ملاقات
کے دوران خطے کی صورت حال ،مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سمیت اہم امور پر
تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اتنے
مختصر وقت میں ،اسلامی تعاون تنظیم کے چودہویں سربراہ اجلاس کے انعقاد پر
آپ اور آپ کا پورا سیکریٹریٹ مبارکباد کا مستحق ہے ۔پاکستان او آئی سی کو
بہت اہمیت دیتا ہے ہم سمجھتے ہیں کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا حل
یکجہتی اور مشترکہ کاوشوں میں مضمر ہےہم جلد، جدہ میں او آئی سی کا مستقل
مشن قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے امید
ہے کہ آپ، رواں سال مارچ میں اسلامو فوبیا کے حوالے سے منعقدہ او آئی سی
ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں کئے گئے مشترکہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ
لیں گے۔ ان فیصلوں میں اسلاموفوبیا کے موضوع پر خصوصی اجلاس بلانے کے لیے
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھنا، سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد
کو روکنے کیلئے متعلقہ ٹیلی کام کمپنیوں سے رجوع کرنا اور یو این اسپیشل
ریپوٹیر کی تعیناتی شامل ہیں۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے
مسئلہ کشمیر سمیت مختلف معاملات پر پاکستان کی حمایت پر او آئی سی سیکریٹری
جنرل کا شکریہ ادا کیا۔