Jun 04, 2019 05:44 pm
views : 268
Location : Different Places
Peshawar- KP celebrates Eid-ul-Fitr today
ملک بھر میں ایک ہی عید کی امید پھر دم توڑ گئی
ملک بھر میں ایک ہی عید کی امید پھر دم توڑ گئی جب کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں آج سرکاری سطح پر عید الفطر منائی جارہی ہے۔
پشاور میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی مسجد قاسم علی خان کو پھر چاند نظر آگیا جس پر خیبر پختونخوا کی حکومت نے بھی آج عید منانے کا اعلان کردیا۔ صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر شہروں میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس کے دوران ملکی سلامتی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔
وفاقی سطح پر کئے گئے اعلان کے مطابق خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں لوگوں کی بڑی تعداد نے روزہ رکھا ہے، ان کا موقف ہے کہ وہ 28 روزوں پر عید نہیں کرسکتے۔
دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس آج منگل کے روز منعقد ہو رہے ہیں اور مرکزی کمیٹی کے اعلان کے مطابق ہی مرکز اور دیگر صوبوں میں عید منائی جائے گی۔
خیبر پختونخوا میں عید پر وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جن کو شوال کا چاند دکھائی دیا ہے میڈیا ان کے انٹرویو کرے تو لگ پتا جائے گا، ایسی شہادتیں دینے والوں کے خلاف مقدمے ہونے چاہئیں۔
علاوہ ازیں اس سے قبل صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا تھا کہ ایک عید کیلئے مفتی پوپلزئی کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا چئیرمین بنادیا جائے۔