آصف زرداری کی گرفتاری کی خبر سنتے ہی جیالے سڑکوں پرنکل آئے
آصف زرداری کی گرفتاری کی خبر سنتے ہی جیالے سڑکوں پرآ گئے۔
آصف علی زرداری کی گرفتاری کی خبر سنتے ہی صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں جیالے مشتعل ہوگئے اور مختلف شہروں میں احتجاج شروع کردیا۔
آصف علی زرداری کے شہر نواب شاہ میں جیالوں نے پریس کلب کے باہر بھرپور احتجاج کیا ہے، حیدر آباد اور دادو میں بھی جیالوں نے احتجاج کیلیے پریس کلب کا رخ کیا اورحکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
لاڑکانہ میں احتجاج کے دوران جیالوں نے نہ صرف ہوائی فائرنگ کرکے شہریوں کو خوفزدہ کیا بلکہ دکانوں میں توڑ پھوڑ بھی کی ۔
بلاول بھٹو کے حلقے لاڑکانہ کے جیالے آصف زرداری کی گرفتاری پر زیادہ ہی مشتعل ہوگئے اور شہر میں توڑ پھوڑ شروع کردی۔
ڈنڈا بردار کارکنوں نے زبردستی دکانیں بند کرائیں اورتوڑ پھوڑ کی، پیپلز پارٹی کے مسلح کارکنوں کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جس کے باعث شہر یوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔
ٹھٹہ،سجاول،مٹھی،نوشہرو فیروز،سکھر،خیر پور،میر پور خاص،شکار پور اور دیگر شہروں میں بھی سڑکوں پر ٹائر جلا کر جیالوں نے احتجاج کیا۔