پاکستان سرمایہ کاروں کیلئےایک پرکشش ملک ہے، وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی سربراہان کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وائٹ کالر کرائم کے خاتمے کے لیے تنظیم کے رکن ممالک کو اقدامات کرنے چاہئیں۔
کرغزستان کی میزبانی میں ایس سی او سمٹ میں 8 رکن ممالک کے سربراہان حکومت و مملکت شریک ہیں، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سمٹ سے خطاب بھی کیا۔
عمران خان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ملکوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے ایس سی او کو عملی اقدامات کرنے ہوں گے اور خطے میں امان و امان کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ کانفرنس میں پاکستان کے علاوہ روس، چین، بھارت، کرغزستان، تاجکستان، قازقستان اور ازبکستان کے سربراہان شریک ہیں جب کہ اجلاس سے قبل سربراہان مملکت کا گروپ فوٹو سیشن بھی ہوا۔
عمران خان نے کہا وائٹ کالر کرائم کے خاتمے کیلئے تنظیم کو اقدامات کرنے چاہئیں، کرپشن کے خاتمے کیلئے فریم ورک بنانا ہوگا، پہلی بار ایشیا عالمی تجارت کا محور اور مرکز بن رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا ہم ان چند ملکوں میں سے ہیں، جنہوں نے دہشت گردی کیخلاف اقدامات کیے، ایس سی او کے انسداددہشت گردی پروگرام میں شامل ہیں، پاکستانی سیکیورٹی اداروں نےدہشت گردی کیخلاف قربانیاں دیں، ایشیا کے بنیادی تنازعات حل کئے بغیرترقی ممکن نہیں ہے۔
وزیراعظم نے کہا خارجہ پالیسی تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات پرمشتمل ہے، سی پیک کےدوسرے مرحلے کا آغازکر دیاگیا ہے، خطےمیں وسیع تجارت کےنئےمواقع سامنے آرہے ہیں۔