Jun 17, 2019 10:45 pm
views : 312
Location : Different Places
Karachi- Funeral Prayers Two Martyred Police Men
اورنگی ٹاؤن میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے دونوں پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے دونوں پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن ساؤتھ میں ادا کردی گئی جس کے بعد میتیں تدفین کیلئے ان کے آبائی شہروں سانگڑھ اور لاڑکانہ روانہ کی جائیں گی۔
مومن آباد میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید کانسٹیبل اللہ دتہ اور احمدعلی کی نمازجنازہ کے موقع پر پولیس کے خصوصی دستے نے شہید اہلکاروں کے جسد خاکی کو سلام پیش کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
واضح رہے کہ سندھ ریزرو پولیس میں تعینات کانسٹیبل اللہ دتہ اور احمد علی کو آج صبح پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد میں رہائشی کمپلیکس سے ڈیوٹی کیلئے مومن آباد تھانہ جاتے ہوئے اورنگی ٹاون نمبر 4 میں نوری چوک پر نشانہ بنایا گیا۔
وقوعہ کے وقت دونوں اہلکار پولیس کی وردی میں نہیں بلکہ سادہ کپڑوں میں ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے، جبکہ عینی شاہدین کے مطابق نوری چوک پر اسپیڈ بریکر کی وجہ سے ان کی موٹر سائیکل آہستہ ہوئی تو موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے نائن ایم ایم پستول سے دونوں پولیس جوانوں پر فائرنگ کی۔
اس موقع پر دونوں اہلکاروںکو شدید زخمی حالت میں ایک پولیس موبائل میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
بعد ازاں ان کی میتوں کو پوسٹمارٹم کے بعد سرد خانہ لے جایا گیا اور غسل و کفن کے بعد میتیں گارڈن پولیس ہیڈکوارٹر منتقل کی گئیں۔
شہید اہلکاروں کی نمازجنازہ میں صوبائی وزرا، آئی جی سندھ، ڈاکٹر سید کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ، ڈی آئی جی ویسٹ زون امین یوسفزئی ڈی آئی جی عامر فاروقی ،زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز سمیت دیگر سینئر پولیس افسران، رینجرز سندھ انٹیلی جینس افسران، اہلکاروں اور شہید پولیس اہلکاروں کے ورثاء، دوست احباب اور اہلیان علاقہ نے بھی شرکت کی۔