Jun 19, 2019 10:24 pm
views : 272
Location : National Assembly
Islamabad- Bilawal Demands Ends Production Orders For Lawmakers
بجٹ کو منظوری سے روکنے کے لئے اپوزیشن کمیٹی بنائے گی،بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بڑا اعلان کردیا کہتے ہیں کہ بجٹ کو منظوری سے روکنے کے لئے اپوزیشن کمیٹی بنائے گی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران بلاول کا کہنا تھا کہ اسپیکر کو گرفتار اراکین اسمبلی کے پراڈکشن آرڈرز کے اجراء کے لئے لکھے گئے دوسرے خط میں حکومتی اتحادیوں کے بھی دستخط ہیں،حکومت دھاندلی کے ذریعے قومی اسمبلی سے بجٹ منظور کرانے کی کوشش کررہی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن لیڈر کو تقریر کرنے تک کا موقع نہیں دے رہی،صدر زرداری، محسن داوڑ، علی وزیر اور سعد رفیق کے پراڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے جارہے،گرفتار اراکین قومی اسمبلی کے پراڈکشن آرڈرز اس لئے جاری نہیں کئے جارہے تاکہ وہ بجٹ کی بحث میں حصہ نہ لے سکیں،دھاندلی زدہ حکومت دھاندلی سے بجٹ منظور کرانے کی کوشش کررہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اسمبلی میں حکومت کی اس دھاندلی کا مقابلہ کررہی ہے،اسپیکر قومی اسمبلی سے آج جو معاملات طے ہوئے، اس سے بہتری کی امید ہے،شہبازشریف بھی کہہ چکے ہیں کہ تمام اپوزیشن کو مل کر اس عوام دشمن بجٹ کو منظوری سے روکنا پڑے گاآئی ایم ایف کا تیار کردہ بجٹ اس ملک کے لئے معاشی خودکشی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان مسلم لیگ ن اور اپوزیشن میں ہمارے اتحادی بجٹ کو منظوری سے روکنے کے لئے کمیٹی بنارہے ہیں غریبوں، کسانوں اور مزدوروں کو اس بجٹ سے بچانے کے لئے اپوزیشن متحرک ہے،جلد آل پارٹیز کانفرنس ہوگی جہاں تمام اپوزیشن پارٹیاں مل کر اپنا لائحہ عمل طے کریں گی۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ صدر آصف زرداری کے پراڈکشن آرڈر کے لئے آج ہم نے اسپیکر کو ایک اور خط لکھا ہے، آج ایم کیوایم سمیت دیگر حکومتی اتحادیوں نے پراڈکشن آرڈرز کے معاملے پر اپوزیشن کا ساتھ دیا،حکومتی اتحادیوں نے بھی پراڈکشن آرڈر کے حوالے سے اسپیکر کو لکھے جانے والے دوسرے خط پر دستخط کئے،مونس الہی نے آکر بتایا کہ پراڈکشن آرڈر کے حوالے سے مسلم لیگ ق بھی اپوزیشن کے ساتھ ہے،یہ ہمارا پارلیمانی حق ہے کہ نواب شاہ، لاہور، جنوبی و شمالی وزیرستان کے عوام کی بجٹ سیشن میں نمائندگی ہو۔