Jun 21, 2019 10:44 pm
views : 298
Location : National Assembly
Islamabad- MQM MNA Usama Qadir Crities Asif Zardari
آصف زرداری کی اسلحہ اور اکثریت کی دھمکی سے نہیں ڈرتے،ایم کیو ایم رہنما
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اسامہ قادری نے کہا کہ آصف زرداری کی اسلحہ اور اکثریت کی دھمکی سے نہیں ڈرتے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما اسامہ قادری نے کہا کہ آصف علی زرداری بتائیں کل ان کی مسلح سوچ نہ ہونے اور سندھ میں اکثریت ہونے کا مطلب کیا تھا، مرتضی بھٹو کو کس نے قتل کرایا، الذوالفقار بنانے اور پاکستان توڑنے والے کون تھے، آصف زرداری کے ذہن میں رہے کہ اسلحہ اوراکثریت کی دھمکی سے ہم نہیں ڈرتے، ہم جنگ آزادی لڑنے والوں کی اولاد ہیں۔
اسامہ قادری کا کہنا تھا کہ ملک کا خزانہ لوٹنے والے کہہ رہے ہیں پچھلا حساب کتاب ختم کریں، اب یہاں این آر او مانگا جارہا ہے، ان کرپٹ عناصر سے قومی خزانہ نکالا جائے اور خصوصی عدالتوں سے درخواست ہے کہ ان کرپشن مقدمات پر تیزی سے فیصلہ کریں، ملک میں اسلامی نظام معیشت لایا جائے۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے آصف زرداری نے ایم کیو ایم پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشرف دور میں ایم کیو ایم کو کروڑوں روپے دیئے گئے انہوں نے خون بہا دیئے، اس وقت کہا گیا کہ ہتھیار لیں، خون بہائیں، ریڑھیاں توڑیں، پورے ملک نے دیکھا ایم کیو ایم نے کیا کیا، ہم نے کبھی ہتھیاروں کو ہاتھ نہیں لگایا، پورا سندھ لڑ پڑے تو یہ ویسے ہی تھوڑے تھے۔