Jun 21, 2019 10:46 pm
views : 297
Location : Different Places
Karachi- 66th Birthday of Muslim World,s First PM Benazir bhutto
عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کا آج چھیاسٹھواں یوم پیدائش
عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کا آج چھیاسٹھواں یوم پیدائش منایا جارہا ہے۔ پاکستانی تاریخ میں بینظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد قابل تحسین ہے۔ آمریت کے خلاف جدوجہد میں انہوں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر جہموریت کے پرچم کو سر بلند رکھا، تاہم ستائیس دسمبر دوہزار سات کی شام بے نظیر بھٹو کو راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں شہید کردیا گیا۔
محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے انیس سو تریپن میں کراچی میں جنم لیا۔ ان کے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ان کی صلاحیتوں سے متاثر ہوکر اپنی سیاسی سرگرمیوں میں شامل کیا، جبکہ محترمہ تاریخ ساز لمحوں پر اپنے والد کے ساتھ نظرآئیں۔ بھٹو صاحب کی پھانسی کے بعد انہوں نے آمریت کے خلاف جہموریت کیلئے جدوجہد شروع کی جو ان کی آخری سانس تک جاری رہی۔
پاکستان کی سیاست میں بے نظیر بھٹو اپنے والد ذوالفقارعلی بھٹو کی حقیقی سیاسی وارث ثابت ہوئیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے مخالفین بھی ان کا نام احترام کے ساتھ لیتے ہیں۔ پاکستان کی سیاست ان کے تذکرے کے بغیر نا مکمل رہتی ہے، جبکہ میثاق جمہوریت ان کی سیاسی زندگی کا اہم سنگ میل سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کی 66 ویں سال گرہ کے موقع پر شان دار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، پی پی چیئرمین نے بے نظیر بھٹو کی چھیاسٹھ ویں سال گرہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو دھرتی کی عظیم بیٹی تھیں، وہ اب پاکستان کی روشن و بینظیر پہچان ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بے نظیر بھٹو آخری گھڑی تک عوامی حقوق اور ملکی سربلندی کے لیے جدوجہد کرتی رہیں، زندگی بھر عزم، حوصلے اور صبر سے اپنے مشن پر کاربند رہیں، شہید بی بی کا مشن جمہوری نظام اور مساوات پر مبنی معاشرہ تھا، ان کا مشن در حقیقت قائد کے افکار کی روشنی میں شہید بھٹو کا مشن تھا۔