Jun 24, 2019 08:52 pm
views : 283
Location : Different Places
Islamabad- Qatari Emir departs after two-day official visit to Pakistan
امیر قطر کا دورہ پاکستان مکمل واپس روانہ
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی 2روزہ دورہ پاکستان مکمل کرکے روانہ ہوگئے،انہیں وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے الوداع کیا۔
ہفتے کی شام امیر قطر پاکستان کے ودرے کیلئے اسلام آباد پہنچے جہاں وزیر اعظم عمران خان نے انکا استقبال کیا۔
امیر قطر نے وزیراعظم کو ان کے نام سے منسوب شرٹ کا تحفہ دیا تو عمران خان نے کرکٹ بیٹ پر آٹو گراف دے کر شیخ تمیم حمد الثانی کو تحفہ دیا۔
دونوں ممالک نے مشترکہ ورکنگ گروپ کی تشکیل،سیاحت اور بزنس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کئے۔
دستخط کی تقریب وزیراعظم ہائوس میں ہوئی،اس موقع پر وزیراعظم عمران خان اور امیرقطر شیخ تمیم بن حمد بھی موجود تھے۔
پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بارے پاک قطر مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کے لیے ایم او یو پر دستخط ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے مشیر تجارت عبدالرزاق داود اور قطر کی جانب سے وزیر مملکت خزانہ علی شریف ال ایمادی نے دستخط کیے۔
پاکستان اور قطر کے درمیان سیاحت اور بزنس ایونٹس کے شعبوں میں تعاون کے لیے ایم او یو پر دستخط وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا اورقطرکے قومی سیاحت کونسل کے سیکریٹری جنرل اکبر البکر نے کیے۔
منی لانڈرنگ منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے فنانشل انٹیلی جنس شیئرنگ سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
پاکستان کی جانب سے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے قائم مقام ڈی جی منیر احمد اور قطر کی جانب سے قطر فنانشنل انفارمیشن یونٹ کے سربراہ شیخ احمد بن عید آل ثانی نے دستخط کیے۔
ایوان صدر میں امیر قطر کے اعزاز میں پروقار تقریب ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شیخ تمیم بن حمد الثانی کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان سے نوازا۔
ایوان صدر پہنچنے پر صدر مملکت نے امیر قطر کا خیر مقدم کیا،ڈاکٹر عارف علوی سے تمیم بن حمد الثانی کی وفود کی سطح پر ملاقات بھی ہوئی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، زلفی بخاری،وفاقی وزرا اور دیگر سول و عسکری شخصیات بھی ایوان صدر میں موجود تھیں۔
امیر قطر نے نور خان ایئر بیس پر جے ایف سیونٹین تھنڈر اور مشاق طیاروں کا معائنہ بھی کیا،اس موقع پر انہیں طیارے کی خصوصیات سے متعلق بریفننگ بھی دی گئی۔
دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی وطن واپس روانہ ہوگئے۔