Jun 28, 2019 01:00 am
views : 267
Location : Domestic place
Prime Minister gave an extension to the Amnesty Scheme
وزیر اعظم نے ایمنسٹی اسکیم میں توسیع کا عندیہ دے دیا
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ 30 جون کو ایمنسٹی اسکیم کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد آئندہ 48 گھنٹوں میں لائحہ عمل سامنے لائیں گے، میں تاجروں کو یقین دلاتا ہوں کہ فائلر بننے کے بعد کوئی ادارہ آپ کو تنگ نہیں کرے گا جب کہ تاجروں کے ری فنڈ کا معاملہ خود دیکھوں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرضوں کا ہے عوام ٹیکس نہیں دیں گے تو ملک قرضوں کی دلدل سے نہیں نکلے گا ہم سب کو مل کر ملک کو قرضوں سے نکالنا ہے، کرپشن کی وجہ سے ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی بڑھتی ہے اور ملکی ادارے تباہ ہوتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں ٹیکس کا پیسہ عوام پر خرچ ہوتا ہے لیکن یہاں ٹیکس کلچر بنا ہی نہیں، پاکستان کے عوام سب سے کم ٹیکس دیتے ہیں، حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان میں ٹیکس کلچر کا نظام نہیں اور ایف بی آر کی بدعنوانی سے ملک میں ٹیکس سسٹم خراب ہوا، لوگوں کو ایف بی آر پر اعتماد ہی نہیں اس لیے ٹیکس جمع کرنے کے لیے ایف بی آر کو ٹھیک کرنا ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ملکی بہتری کے لیے پاک فوج نے اپنے بجٹ میں کٹوتی کی، وزرا نے تنخواہیں کم کیں، قوم چاہے تو 8 ہزار ارب روپے اکٹھا ہوسکتا ہے، قوم فیصلہ کرے کہ ہمیں ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔