افغانستان کے صدر اشرف غنی کی لاہور آمد
دو روزہ دورہ پاکستان پر آئے افغانستان کے صدر اشرف غنی لاہور پہنچے جہاں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایئر پورٹ پر استقبال کے دوران افغان صدر اشرف غنی سے مصافحہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے معزز مہمان سے کہا کہ لاہور آمد پر دل کی گہرائیوں سے آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں، افغان صدر کی آمد پاک افغان تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی آمد پنجاب کے لیے اعزاز ہے، اس دورے سے پاک افغان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، دونوں ممالک کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے افغان صدر اشرف غنی سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پائیدار ترقی اور استحکام کے لیے امن ناگزیر ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاک افغان تعلقات مضبوط ہونے سے تجارتی و معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، امن کے سفر کے لیے ہمیں مل کر قدم بہ قدم چلنا ہے،افغان صدر اشرف غنی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے دل لاہور آ کر دلی خوشی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ افغان صدر اشرف غنی گزشتہ روز 2 روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں۔
دورے کے پہلے مرحلے میں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، دیگر وزراء و حکام سے ملاقات کی۔
افغان صدر اشرف غنی نے اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بھی ملاقات کی۔