راولپنڈی، معاشی خود مختاری کے بغیرآزادی کا کوئی تصورنہیں، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ اگرمعیشت کمزورہوگی توملکی سلامتی کی صورتحال کمزورہوگی اورمعاشی خود مختاری کے بغیر آزادی کا کوئی تصورنہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں قومی معیشت پرسیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینارمیں ڈاکٹرسلمان شاہ، ڈاکٹرفرخ اقبال، عابد قیوم سلہری، الماس حیدر، سید شبرزیدی اورڈاکٹراشفاق حسن نے شرکت کی۔ سیمینارمیں آرمی چیف مشکل ملکی معاشی حالات سے کامیاب نکلنے کے لیے پْریقین تھے جب کہ انہوں نے بہترعلاقائی تجارتی روابط کیلئے پاکستان کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے خطاب میں کہا کہ ہم مشکل معاشی صورتحال سے گذررہے ہیں، ہم سب کومشکل حکومتی اقدامات کی کامیابی کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی تاکہ حکومت کے مشکل اقدامات کامیاب ہوسکیں۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک قوم بن کرکام کرنے کا وقت ہے کیونکہ معاشی خود مختاری کے بغیرآزادی کا کوئی تصورنہیں۔