گوجر خان،عوام کو حقوق ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا،عمران سے حساب لوں گا،بلاول
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں بھٹو اور بی بی کے چاہنے والے مایوس نہ ہوں بھٹو کا سورج طلوع ہورہا ہے، ملک کے عوام کو حقوق ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا،عمران سے حساب لوں گا، بہت جلد چھٹی ہو گی، انہیں ترین کا پیسہ، امپائر کی انگلی نہ تعویز بچا سکیں گے۔
گوجر خان میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہناتھاکہ اس وقت ملک ایک شدید معاشی اور سیاسی قیادت کے بحران سے گزررہا ہے، ایسا بحران اس سے پہلےنہ کبھی دیکھا نہ کبھی سنا، میں سمجھتا ہوں کہ یہ بحران حکومت کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اصولی اور جمہوری مؤقف پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، اگر حکومت عوام دوست بجٹ پیش کرتی تو ہم سپورٹ کرتے، آپ سب نے دیکھا کہ حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کیا۔بجٹ پاس کرنے کے لئےبھی دھاندلی کی گئی، کسی کو بھی نہیں پتہ کہ فائنل ووٹ کیا تھے، کتنےحق میں اور کتنےخلاف تھے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ غریبوں کی چھت چھیننے والوں سے میں خود حساب لوں گا، پنشنرز کو تم نے دردرکی ٹھوکریں دیں، تمہاری وجہ سے کسان فاقہ کشی پرمجبورہوگئے، میں حساب لوں گا پنجاب کےعوام کی چیخوں کا، بلوچستان کے عوام کے خون کا، پختونخوا کے نوجوانوں کے آنسوؤں کا، میں حساب لوں گا سندھ کےبچوں کی پیاس کا۔