کراچی کی سب سے بڑی جماعت ایم کیو ایم نہیں تحریک انصاف فواد چوہدری
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کراچی کی سب سے بڑی جماعت ایم کیوایم نہیں تحریک انصاف ہے، خوشی ہے کہ زرداری صاحب کو ایک اور کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، نواز اور زرداری شوگر مافیا کے لوگ ہیں، یہ شوگر مافیا پاکستان میں لمبے عرصے تک برسر اقتدار رہا ہے، انہوں نے زراعت کو نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل جادوگر ہیں، وزیر اعظم عمران خان ان سے کہیں گے تو وہ 48 گھنٹوں میں سندھ میں تبدیلی لے آئیں گے۔
راولپنڈی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھابلاول بیرون ملک جاتے رہے ہیں، ان کو بھی ایان علی والے اکاؤنٹ سے پیسے ملتے رہے، نون لیگ کو ہم نہیں توڑ رہے، اسے توڑنے میں سب سے اہم کردار مریم نواز نے ادا کیا، جب شہباز شریف لندن گئے تو مریم نواز نے پارٹی پر قبضہ کر لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف، آصف زرداری اور چوہدری نثار کا کوئی مستقبل نہیں، یہ تینوں ماضی کا حصہ بن چکے ہیں، چوہدری نثار کے پاس جب موقع تھا، تب وہ انڈوں سے اٹھے نہیں، ان کے انڈوں سے اٹھنے کا وقت گزر گیا، اب انڈوں سے بچے نکل آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نچلی سطح پر کرپشن کا خاتمہ بھی ضروری ہے، اوپر کی کرپشن ختم ہو گئی ہے، نچلی سطح پر کرپشن میں کمی آئی ہے، ہماری حکومت میں کرپشن کا ایک اسکینڈل بھی سامنے نہیں آیا، احتساب کے عمل میں تیزی آئی ہے، 10 سال میں لیا گیا قرضہ کہاں گیا؟وفاقی وزیر کا مزید کہناتھا کہ یہ سال ٹیک آف کا سال ہے عالمی سطح پر پاکستان کا اچھا تاثر ابھر رہا ہے۔