لاہور، عمران خان وارننگ دیتا ہوں اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجاؤ،شہباز شریف
کوٹ لکھپت جیل میں آج ملاقات کا دن ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف سے آج بھی خاندان کے صرف پانچ افراد ملاقات کر سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق آج ہفتہ وار ملاقات والے دن صرف پارٹی صدر شہباز شریف ،نائب صدر مریم نواز کے علاوہ فیملی کے تین لوگ ملاقات کر سکیں گے۔ نواز شریف کی طبیعت کی خرابی کے باعث جیل کے ڈاکٹروں نے نواز شریف کو کم گفتگو کا مشورہ دیا ہے، کوئی لیگی کارکن یا رہنما آج بھی قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے ملاقات نہیں کر سکے گا۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف سمیت کوئی بھی پارٹی رہنما نواز شریف سے ملاقات نہیں کر سکے گا۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان وارننگ دیتا ہوں اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجاؤ، کارکنوں کو نواز شریف سے ملنے دو۔
کوٹ لکھپت جیل کےباہر نواز شریف سے ملاقات کے لیے آنے کے بعد قائدحزب اختلاف شہباز شریف نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اتنا بوجھ اٹھاؤ جس کا کل حساب دے سکو، وہ وقت دور نہیں جب تم سے ایک ایک ظلم کا حساب لیا جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ اور سلمان رفیق کو تمام سہولتوں سے محروم کیا جا رہا ہے، عوام اور کارکن حوصلہ رکھیں اللہ کی مدد ہمارے ساتھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے صرف خاندان کے 5 لوگوں کو ملنے کی اجازت ہے، ان سے ملاقات نہ کرانا عمران خان کی فاشسٹ ذہنیت کا نتیجہ ہے۔