مہمند،مرنا مہنگا، جینامہنگا اور خون سستا ہے،ہر طبقے کا معاشی قتل ہورہا ہے، یہ کیسی تبدیلی ہے؟بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مرنا منہگا، جینا منہگا اور خون سستا ہے، یہ کیسی تبدیلی ہے،اگرعوام کو معاشی قتل قبول نہیں تو پھرلڑنا پڑے گا،میں تبدیلی سرکار کیخلاف نکلاہوں، جیت ہماری ہوگی۔
مہمند میں پیپلزپارٹی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تبدیلی اور انصاف کے نام پر آج حقوق چھینے جارہے ہیں، ہم نے قربانی دے کر حقوق چھینے ہیں، قربانیوں کی وجہ سے ہمیں جمہوریت اور انسانی حقوق ملے، ہر طبقے کا معاشی قتل ہورہا ہے، یہ کیسی تبدیلی ہے؟
بلاول بھٹو نے کہا کہ 'ان کا دہرا نظام ہے، جھونپڑی حرام ہے، بنی گالا حلال ہے، نواز شریف کی آف شور کمپنی حرام ہے، ، ایم کیو ایم کی فارن فنڈنگ حرام ہے لیکن پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ حلال ہے، رانا ثناء اللہ کی منشیات حرام ہے، وزیراعظم کی منشیات حلال ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے سوال کیا کہ سال میں آپ کے صوبے میں اسپتال کھلے ہیں؟ سندھ حکومت کی طرح آپ کے صوبے میں ٹی بی کا مفت علاج ہوتا ہے ؟ لاہور کا میٹرو منصوبہ حرام ، پشاور میٹرو حلال ہے، یہ کیسا نظام ہے؟ وفاق میں بیٹھے لوگ آپ کے وسائل پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں، وفاق کی ناکامی کی وجہ سے صوبے دیوالیہ ہورہے ہیں، 40 ارب روپیہ سے سوچیں کیا کیا ہوسکتا تھا ؟۔