لندن،جب مجھے علم ہو گا کہ میرا فوکس نہیں ہے تو میں خود کرکٹ چھوڑ دوں گا، شعیب ملک
شعیب ملک نے 14 اکتبور 1999 میں ون ڈے کرکٹ کا آغاز کیا، دائیں ہاتھ کے بلے باز نے 19 سالہ ون ڈے کیرئیر میں 287 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 34.55 کی اوسط سے 7 ہزار 534 رنز بنائے اور 158 وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش سے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق کپتان شعیب ملک کا کہنا تھاکہ میں پہلے بھی اپنے انٹرویوز میں بتا چکا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکا ہوں اور اب ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں، افسردہ ضرور ہوں مگر اپنے کیر ئیر سے مطمئین ہوں، ریٹائرمنٹ کے بعد میں فیملی کے ساتھ وقت گزاروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے بیس سالہ کیریئر میں اپنے کوچز، پی سی بی، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور اپنے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے ہمیشہ سپورٹ کیا۔
صحافی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سابق کپتان کا کہنا تھا کہ چونکہ میں ایک روزہ کرکٹ میچ سے ریٹائرمنٹ لے چکا ہوں میں اپنے بیٹنگ آرڈر سے مطمئین ہوں اور اب صرف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر توجہ دوں گا۔ تاہم ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں دیکھوں گا کہ اس فارمنٹ میں بھی آگے کھیل سکتا ہوں یا نہیں، جب مجھے علم ہو گا کہ میرا فوکس نہیں ہے تو میں خود کرکٹ چھوڑ دوں گا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپناجذباتی پیغام تحریر کرتے ہوئے کہا ”ہرکہانی کا اختتام ہے، لیکن اس زندگی میں ہراختتام کی ایک نئی شروعات ہوتی ہے، شعیب آپ نے 20 سال تک اپنے ملک پاکستان کے لیے خدمات انجام دیں، آپ اسے عزت اورعاجزی کے ساتھ جاری رکھیں۔ آپ نے جو کچھ بھی حاصل کیا اس کے لیے مجھے اورازہان کو آپ پر فخر ہے، لیکن اس سے بھی زیادہ آپ جو ہیں ہمیں اس پرفخر ہے۔“