کراچی، پی این ایس اصلت کا سعودی عرب کی بندرگاہ جدّہ کا دورہ، ترجمان پاک بحریہ
پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت نے سعودی عرب کی بندرگاہ جدہ کا دورہ کیاجہاں بندرگاہ آمد پر رائل سعودی نیول فورسز کے نمائندگان نے پاک بحریہ کے جہاز کا پر تپاک استقبال کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈنگ آفیسر پی این ایس اصلت نے رائل سعودی نیول فورسزکے ویسٹرن فلیٹ کمانڈر اور دیگر آفیسرز سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دونوں ممالک کے مابین بحری اشتراک پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت کے دورے کے دوران آفیسرز اور جوانوں کے لئے مشترکہ تربیتی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دورے کے اختتام پرپی این ایس اصلت نے بحیرہ عرب میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کا دوبارہ آغاز کردیااور پاک بحریہ کے جہاز کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعلقات کے فروغ کا باعث بنے گا۔