لاہور،عمران خان دورہ امریکہ کے دوران عافیہ رہائی سے متعلق کردار ادا کریں،سراج الحق
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔
لاہور منصورہ میں جماعت اسلامی کے مجلس شوری کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کی چیخیں بنی گالہ کے شہزادے تک نہیں پہنچ رہیں۔ حکومت نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں عوام کے ہاتھوں میں ڈال دی ہیں۔ جماعت اسلامی ان ناانصافیوں کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نیب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو پر چیف جسٹس خاموش نہ بیٹھیں بلکہ اس پر عدالتی کمیشن بنا کر حقائق عوام کے سامنے رکھیں۔ اس سے قبل چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال اور ملک قیوم کی ویڈیو بھی منظر عام پر آچکی ہیں۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ عمران خان اپنے دورہ امریکہ کے دوران عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے کردار اداکر کے واپسی پر عافیہ صدیقی کو ساتھ لائیں، خود ان کا استقبال کروں گا۔