تربیلا جھیل میں کشتی الٹنے کا واقعہ پانچویں روز بھی آپریشن جاری
تربیلا جھیل میں کشتی الٹنے کا واقعے کے بعد آج پانچویں روز بھی آپریشن جاری رہا تاہم کوئی نعش نہ مل سکی۔
پانچ دن پہلے تربیلا جھیل میں الٹنے والی کشتی میں ڈوبنے والے افراد کے لئے ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن جاری ہے، ریسکیو ذرائع کے مطابق آج سپل وے تک کا علاقہ کلئیر کیا گیا۔
بتایا گیا ہےکہ پانی کی تیز رفتاری کے سبب صورتحال خطرناک ہو گئی، پانی ریسکیو کیمپ تک پہنچ گیا جس کے باعث کیمپ شفٹ کیا جا رہا ہے، اب تک کل چار بچوں کی نعشیں نکالی گئی، 16افراد کو ریسکیو کر کے نکالا گیا جبکہ 34 کے قریب افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ آپریشن میں پاک آرمی سمیت دیگر ریسکیو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیرالاسلام کا کہنا ہے کہ تربیلا جھیل میں حادثے کا شکار ہونے والی بد قسمت کشتی میں 40افراد سوار تھے جن میں سے 16افراد کو بچا لیا گیا ہے اور اب تک چار بچوں کی نعشیں پانی سے نکالی جا سکی ہیں جبکہ پانی میں ڈوبنے والے باقی 20مسافروں کی تلاش پانچویں روز بھی جاری رہی۔