اسلام آباد، حکومت نے ویڈیو کا دفاع کرنا شروع کر دیا ہے،شاہد خاقان عباسی
مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کل ویڈیو کے معاملے پر سب سے بڑا یو ٹرن لیا، انہوں نے کہا ہے کہ اس ویڈیو سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں حکومت نے ویڈیو کا دفاع کرنا شروع کر دیا ہے ۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ نون کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت اپنے طور پر ویڈیو کو چیک کرا چکی ہے، اس نے ویڈیو کا فرانزک کرا لیا ہے، حکومت کو بھی پتہ ہے کہ ویڈیو ٹھیک ہے، تب ہی عمران خان نے کہا کہ ویڈیو سے حکومت کا تعلق نہیں، عدلیہ اسے خود دیکھے، یہ بیان اس لیے دیا گیا کہ حکومت کو پتہ چل گیا کہ ویڈیو میں کوئی ٹیمپرنگ نہیں ہے۔
شاہد خاقان نے کہا کہ ثبوت عوام کی عدالت میں رکھ دیا ہے، جس سے نواز شریف کی سزا قانونی و اخلاقی طور پر ختم ہو گئی ہے، انہیں جو سزا دی گئی اس کی اب کوئی قانونی حیثیت نہیں رہی، ہم نے ویڈیو پیش کی، مگر کسی پر الزام نہیں لگایا، ویڈیو سے قطعی انکار نہیں کیا گیا، ہم نے جو ویڈیو پیش کر دی، وہی کافی ہے، مزید ویڈیوز کی ضرورت نہیں، حالانکہ نون لیگ کے پاس اس کے علاوہ بھی کئی ویڈیوز ہیں مگر کسی ادارے سے اختلاف نہیں چاہتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سیاسی مقدمات ہیں، اس پر سو موٹو لینا چاہیے کہ ماتحت عدلیہ میں کیا ہو رہا ہے، آئی ایم ایف کی رپورٹس اور وزیر خزانہ کی رپورٹس میں تضاد ہے، آئی ایم ایف کی رپورٹ پر تفصیلی پریس کانفرنس رکھیں گے، اس تضاد کو عوام کے سامنے رکھیں گے۔