سرینگر، یوم شہداء کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال
مقبوضہ کشمیر میں آج یوم شہداء عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
عزم و استقامت کے پیروکار کشمیری آج یوم شہداء منا کر اپنے ان بھائیوں کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں، 13 جولائی 1931 کو ڈوگرا مہاراج کے خلاف سری نگر کی سنٹرل جیل کے باہر ہزاروں کشمیری عبدالقدیر نامی شخص کے خلاف مقدمے کی سماعت کے موقع پر جیل کے باہر جمع ہوئے۔ نماز ظہر کے وقت ڈوگرہ فوجیوں نے اذان دینے والے نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا جس کے بعد ایک اور نوجوان نے اٹھ کر اذان جاری رکھی اس طرح اذان مکمل ہونے تک بائیس نوجوانوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔
یوم شہداء کشمیر کے موقع پر مقبوضہ وادی میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے، کئی علاقوں میں کرفیو نافذ ہے جبکہ موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بھی معطل ہیں۔کشمیریوں کا احتجاج روکنے کیلئے بھارتی فوج نے پہرے لگا رکھے ہیں۔ اس کے باوجود کشمیریوں کی جانب سے جلسے اور جلوس نکالے گئے۔کئی جگہوں پر بھارتی فوج اور کشمیریوں میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔ قابض انتظامیہ نے حریت رہنماؤں کو نظر بند کر رکھا ہے جبکہ جمعہ کی رات سے ہی کشمیریوں کی گرفتاریوں کا عمل بھی جاری ہے۔