اسلام آباد، "اسٹیٹس کو" کو چیلنج کریں گے تو مزاحمت سامنے آئے گی،فردوس عاشق اعوان
مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بیس ہزار میں سے 600 دکاندار صرف ٹیکس فائل کرتے ہیں، قرضوں سے معیشت کو اب نہیں چلایا جا سکتا، تاجر برادری کو ہڑتالوں کے بجائے مذاکرات کرنے چاہئیں، جوسیاسی ایجنڈے کو آگے لیکر چلنا چاہتے ہیں ان کے لیے علیحدہ ترجیحات ہوں گی۔ ملک ٹیکس کے بغیر نہیں چل سکتا، حکومت کسی کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوگی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر خسرو بختیار کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ کے عوام اندھیر نگری اور کرپشن کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ گھوٹکی کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آپ کو گھوٹکی میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں شکست واضح نظر آئی تو فاؤل پلے کرنا شروع کردیا۔سندھ میں حکومت آپکی، انتظامیہ آپ کے ماتحت،آپ کا امیدوار پولیس پروٹوکول کے ساتھ مہم چلائے۔پھر دھاندلی کا شور مچا کر کسے بے وقوف بنا رہے ہیں؟
اس موقع پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کا کہنا ہے کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع کر رہے ہیں، منصوبے کیلئے سی پیک اتھارٹی قائم کریں گے، جو سرمایہ کاری بجلی کے منصوبوں میں آئی ہے یہ پاکستانی معیشت کیلئے اشد ضروری تھی، بجلی پیداوارکیلئے 29 ارب ڈالرکی مزیدسرمایہ کاری آنی ہے۔ سی پیک کے تحت بجلی کے منصوبوں میں چین کی سرمایہ کاری نہ آتی تو آج بھی بجلی کابحران ہوتا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے کیلئے ایم ون منصوبہ 3 مراحل میں مکمل ہوگا۔ ایم ایل ون منصوبے کی لاگت ساڑھے 8 ارب ڈالر سے زائد ہے، ریلوے کے بوسیدہ نظام کو بہتر بنانا ترجیحات میں شامل ہے۔