برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کوڈی ایف آئی ڈی نے مسترد کر دیا
برطانوی اخبار ڈیلی میل نے سابق وزیر اعلٰی پنجاب شہبازشریف پرمنی لانڈرنگ کا انکشاف کیا تھا تاہم ڈی ایف آئی ڈی نے ڈیلی میل کی رپورٹ کو مستردکردیا۔
برطانوی صحافی نے ڈیفڈ کی تردید بے بنیاد قرار دے دی اور کہا کہ ڈیفڈ نے وہی بیان دہرایا ہے جس کا ذکر آرٹیکل میں ہے،خبر کی تردید کرنے سے پہلے خبر کو پڑھا جائے،شواہد خبر میں موجود ہیں۔ڈیلی میل کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے برطانوی ادارے ڈی ایف آئی ڈی کا کہناہے کہ ادارے کی جانب سے فراہم کی گئی امدادی رقوم میں خرد برد ممکن ہی نہیں اور نہ ہی اخبار نے کوئی ثبوت پیش کیے ہیں۔
ڈی ایف آئی ڈی نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ڈیلی میل کی رپورٹ کے مندرجات میں شواہد کافقدان ہے۔ رقم کی تمام تر دستاویزات حکومت کے پاس موجود ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر میا ں شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری اپنے ایک بیان میں لکھا ہے کہ اپنے خلاف برطانوی اخبار کی جانب سے لگائے گئے کرپشن الزامات پر ڈیلی میل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنی کا فیصلہ کر لیاہے،ان کا کہنا ہے کہ خودساختہ اور گمراہ کن خبر عمران خان اور شہزاد اکبر کی ایما پر چھاپی گئی، ہم ان دونوں حضرات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ ان کا مزید اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھنا ہے کہ عمران خان صاحب آپ کو ابھی میری جانب سے کئے گئے تین ہتک آمیز عزت کے دعوں کا جواب بھی دینا ہے۔