کراچی، فائلیں تیار ہیں، حکومت سے باہر آتے ہی ایم کیو ایم والے پکڑے جائیں گے، مصطفیٰ کمال
کراچی میں احتساب عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ان کی سانسیں کرپشن کی وجہ سے حکومت سے جڑی ہوئی ہیں، اکیو ایم والوں کی آپس کی لڑائی ہے کیونکہ سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان عامر خان نے خالد مقبول صدیقی کے ساتھ ہاتھ کر دیا ہے۔عامر خان نے ساری ایم کیو ایم کا کام اتار دیا ہے، ایم کیو ایم کے کارکنوں سے کہتا ہوں کہ خالد مقبول صدیقی کا ساتھ دیں۔
چیئرمین پی ایس پی نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا فروغ نسیم پر زور نہیں چلتا اس لیے ان سے استعفیٰ نہیں لیا ورنہ ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ ایک وزیر نے استعفیٰ دے دیا اور دوسرے کو چھوڑ دیا، اگر حکومت سے استعفیٰ دینا تھا تو دونوں وزراء استعفیٰ دیتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میئر کراچی اور میئر حیدرآباد سے استعفیٰ کیوں نہیں دلوایا گیا؟ کیونکہ یہ لوگ جانتے ہیں کہ ان کی آخری باری ہے اور یہ مال بنانا چاہتے ہیں۔
علاوہ ازیں مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم والے خالد مقبول صدیقی کے ساتھ غلط کر رہے ہیں، متحدہ قومی موومنٹ اب ایم کیو ایم حقیقی بن گئی ہے، یہ لوگ خالد مقبول صدیقی کو ہٹا کر امین الحق کو وزیر بنانے کی سازش کر رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے ایک شہری کے استفسار پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف 2008 میں چلے گئے تھے، میں نے اس کے بعد آصف زرداری کے ساتھ چھتیس ماہ کام کیا۔ شہری نے پوچھا کہ 2 یا 3 انڈر پاس بننے سے کیا پاکستان ترقی کرے گا؟ شہر میں آپ نے کوئی کام نہیں کیا، سب مشرف نے کرایا۔ مصطفیٰ کمال نے جواب میں سرزنش کرتے ہوئے کہا 70 فی صد زمانہ زرداری کا تھا، ذہن پر زور دو، یاد کرو۔