کراچی،آٹے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
ملک میں جاری آٹے کے بحران کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چکی مالکان نے آٹے کی قیمت میں اچانک 6 روپے فی کلواضافہ کردیا جس کے بعد آٹے کئ نئی قیمت 64 روپے سے بڑھ کر70 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ چکی مالکان نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کا اطلاق بھی شروع ہوچکا۔اس حوالے سے چکی اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے چکی مالکان کو کوئی ریلیف نہیں دیا۔ حکومت اگر فلور ملز کی طرح سبسڈی دے گی تو قیمت کم کردیں گے۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں جاری آٹا و گندم بحران کے خاتمہ کیلئے 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اصولی منظوری دیدی۔گندم کی امپورٹ پر عائد60 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی کی چھوٹ بھی دیدی ہے، یہ منظوری وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی مخدوم خسرو بختیار اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کی سفارشات پر دی گئی ہے۔اس بات پر بھی غور کیا جا رہا ہے کہ گندم امپورٹ پر عائد 5 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس کو برقرار رکھا جائے یا اسے بھی ختم کردیا جائے۔
علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے صوبے میں آٹا بحران کے خاتمے اور مستقبل میں اس سے بچنے کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے جدید کمپیوٹر سافٹ ویئر تیار کروا لیا ہے، یہ سافٹ ویئر 24 جنوری کو محکمہ خوراک کے حوالے کردیا جائیگا۔
عوام نے شکایت کی ہے کہ موجودہ حکومت عوام دشمن اقدامات کررہی ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کو غریبوں کی پریشانی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے جس کی وجہ سے آج عوام مہنگائی کی چکی میں مزید پسنے پر مجبور ہیں۔ غریبوں کی قوت خرید جواب دے گئی ہے۔
آٹے کی قیتموں میں اضافے کے حوالے سے ایک ریٹیلر محمد زبیر کا کہنا تھا کہ مل ایسوسی ایشن نہ مال دے رہے ہیں نہ فون اٹھارہے ہیں۔ کہہ رہے ہیں ملوں میں مال ہی نہیں ہے گندم پیچھے ہڑتالوں کی وجہ سے پھنسی ہوئی ہے۔اب پہلے پیسے مانگ رہے ہیں ادھار پر مال نہیں دے رہے، گاہک آٹے کی قیمت دینے کو تیار ہی نہیں ہورہا، وہ تو پرانے ہی ریٹ پر آٹا مانگ رہے ہیں کہتے ہیں دو دن میں اتنے پیسے کیسے بڑھ گئے۔پچاس کلو کی بوری پر چھ سو روپے کا فرق آگیا ہے، کوئی پوچھنے ولاا نہیں ہے، سندھ حکومت کیا کررہی ہے کیوں ملوں پر چھاپے نہیں مار رہی، چاول اور دال تو پہلے ہی مہنگے ہیں، آٹے سے بھی لوگ گئے۔
ایک اور ریٹیلر محمد اسلم کا کہنا تھا کہ کوئی ایساایک آئٹم بتادیں کھانے پینے کا آٹے کے علاوہ تیل ہے گھی ہے حتیٰ کہ جو چھوٹی چھوٹی چیزیں ہیں اس تک کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، دالوں میں کسی میں دس کسی میں بیس روپے بڑھ گئے ، کوئی پرسان حال نہیں ہے، میں کشمنر کراچی کی گروسری کی طے کردہ کمیٹی کا رکن ہوں بدقسمتی سے دو ماہ سے اس کمیٹی کا اجلاس ہی نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے ہر دکاندار ہول سیلر وہ اپنی من مانی کررہا ہے اگر یہ لسٹ کو طے کرلیں تو ان کی من مانی ختم ہوجائے گی۔