سخاکوٹ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن ایک مرتبہ پھر ان ایکشن، کہتے ہیں کارکن تیار رہیں، کسی بھی وقت اسلام آباد مارچ کا اعلان کرسکتے ہیں
مولانا سلمان تاثیر کی قیادت میں جے یو آئی مالاکنڈ کے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کے دوران مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کو عنقریب بڑی خوشخبری ملنے والی ہے، آزادی مارچ کے ثمرات کے باعث جعلی حکمرانوں کی حکومت کا خاتمہ ہو رہا ہے، سارے جیلوں میں چلے جائیں گے، جہاں اپنے اعمال اور کردار کی سزا بھگتیں گے ، اس وقت جمعیت علماء اسلام واحد جماعت ہے جو عوام کے جذبات اور ضروریات پر پورا اتر رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عوام کو ناقابل برداشت مہنگائی ، بدامنی کا تحفہ دیا ، اگر ایسی نالائق حکومت کو مزید وقت دیا گیا تو حالات اور مسائل مزید سنگین صورت اختیار کر لیں گے ، دوبارہ اسلام آباد مارچ کا اعلان کر سکتے ہیں اس لئے کارکن ہمہ وقت تیار رہیں ، بے تحاشا ٹیکسز اور مہنگائی کے باعث پورا معاشرہ مسائل سے دوچار ہے ، جمعیت علماء اسلام ملک و قوم کے تحفظ اور ترقی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔