Jan 19, 2020 03:32 pm
views : 242
Location : Different Places
Islamabad- Four grade 17 officers named in BISP beneficiary list dismissed
اسلام آباد،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ناجائز فائدہ اٹھانے والے گریڈ17کے 4افسرنوکری سے برطرف
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ناجائز فائدہ اٹھانے والے گریڈ17کے 4افسروں کو نوکریوں سے برطرف کردیاگیا۔چاروں افسران بیگمات کے نام پر بی آئی ایس پروگرام سے پیسے لیتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے سرکاری ملازمین کے خلاف پہلی کارروائی کردی گئی۔حکومت نے گریڈ سترہ کے 4 افسران کو نوکریوں سے برطرف کر دیا۔برطرفی کے نوٹیفکیشن کے مطابق ان ملازمین میں شفیع اللہ اسسٹنٹ ڈائریکٹربی آئی ایس پی بنوں،سید فضل امین اسسٹنٹ ڈائریکٹر بی آئی ایس پی ایبٹ آباداور سبیل خان اسسٹنٹ ڈائریکٹر بی آئی ایس پی ایبٹ آباداور محمد نعمان ضعیم اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈی آئی خان شامل ہیں۔
نوٹی فکیشن کے مطابق چاروں افسران اپنی بیگمات کے نام پر یہ رقم حکومت پاکستان سے وصول کرتے رہے اوردھوکادہی سے غریب عوام کے 4 لاکھ 40 ہزار196 روپے وصول کیے ۔بی آئی ایس پی حکام کے مطابق مزید افسران کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
واضح رہےکہ گزشتہ دنوں حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارمیں انکشاف ہوا تھا کہ سیکڑوں سرکاری ملازمین اور گزیٹڈ افسران بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ کے تحت ملنے والی دوہزار سے زائد رقم اپنی بیگمات کے نام پر بٹور رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ان تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی شناخت قوم کے سامنے رکھنے کا حکم دیا تھا۔