لندن، یہ ظلم کی حکومت ہے جو مزید نہیں چل سکتی، شہباز شریف
صدر (ن) لیگ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مزدور سے روزگار تو پہلے ہی چھن چکا ہے، اب اس کے بچوں کا نوالہ بھی چھین لیاگیا ہے، یہ ظلم کی حکومت ہے جو مزید نہیں چل سکتی، ہر محب وطن پاکستانی کو پاکستان کی فکر ہے، نالائق ٹولے سے جس قدر جلد نجات ہوگی، پاکستان کے قومی، عوامی مفادات کے لئے اچھا ہے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پابندی کے باوجود25 جولائی سے اکتوبر 2019 کو 48000 میٹرک ٹن گندم کیسے برآمد کی گئی اور ایک ارب 83 کروڑ روپے کس کی جیب میں گئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حالات کی سنگینی کے پیش نظر پارٹی کے قائدین کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ تمام سیاسی قائدین اور جماعتوں کے پارلیمانی سربراہان سے رابطہ کرکے ٹھوس حکمت عملی وضع کریں، ہم عوام کو نالائق ٹولے کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، گندم اور اس پر مال کس کس نے کھایا، ایک ایک پائی کا قوم کو حساب دینا ہوگا۔