Jan 21, 2020 07:46 pm
views : 258
Location : Gilgit/rawalpindi
Rawalpindi- Pakistan Army rescues 22 students stranded in snow-hit Gilgit
راولپنڈی، پاک فوج نے گلگت میں برفباری میں پھنسے 22 طلبا ء وطالبات کو نکال لیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گلگت کے علاقے رتو میں ریسکیو آپریشن کے دوران برفباری میں پھنسے لمز کے 22 طلبا ء وطالبات کو نکال لیا گیا، لمز کے 22 طلبا 5 روز سے رتو میں شدید برفباری کی وجہ سے پھنسے ہوئے تھے جن میں 13 لڑکے اور 9 لڑکیاں شامل ہیں۔
پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ طلبا کو رتو سے ریسکیو کرکے راولپنڈی پہنچایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لمز کے طلبا گلگت میں اسکیننگ کیلئے گئے ہوئے تھے جب کہ لمز انتظامیہ نے مدد کے لیے پاک آرمی سے رابطہ کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مذکورہ طلبا ء وطالبات کو فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ریسکیو کرنے کی ہدایت کی تھی۔
دوسری طرف آزاد کشمیر کی برفانی تودوں سے متاثرہ وادی نیلم میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا اور خراب موسمی حالات کی وجہ سے بالائی علاقوں میں امدادی آپریشن روک دیا گیا۔آزاد کشمیر کے شمالی اور وسطی علاقوں بشمول وادی لیپہ، اٹھ مقام، وادی شونٹھر، جاگران، سرگن، گریس، بالائی نیلم،کیل، شاردہ میں برفباری ہورہی ہے جبکہ مظفرآباد شہر میں بارش ہوئی۔
وادی نیلم کے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ سرتوڑ کوششوں کے باوجود بحال نہیں ہو سکا اور محکمہ شاہرات کی مشینری نے موسم صاف ہونے تک کام روک دیا ہے۔بالائی وادی نیلم میں ہزاروں افراد محصور ہیں اور خوراک کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔