Sep 05, 2021 06:25 pm
views : 210
Location : Torkham border
Quetta- Rashid slams Indian media for kicking up fuss on DG ISI's Kabul visit
ڈی جی آئی ایس آئی کے افغان دورے پر بھارتی میڈیا واویلا کررہا ہے،شیخ رشید
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ دنیا کی سیاست ہل کررہ گئی ہے کسی کو امید نہیں تھی کہ طالبان افغانستان پر اتنی جلدی قبضہ کرلیں گے۔
طورخم ٹرمینل میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس خطے میں تبدیلی آنے والی ہے، یہ خطہ اہم ہونے والا ہے اور ہوسکتا ہے کہ ایک نیا بلاک بھی بن جائے، ہندوستان کو بڑی شکست ہوئی ہے، ہم اس خطے میں اہم کردار ادا کریں گے، افغانستان کا استحکام ہمارا استحکام اور اس کی ترقی ہماری ترقی ہے، حالات بہتر ہوں گے تو ہر طرف بہتری ہوگی۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ دنیا کی سیاست ہل کررہ گئی ہے کسی کو امید نہیں طالبان اتنی جلدی قبضہ کرلیں گے، دنیا افغانستان کے مسئلے کو سمجھے، بھارت کس منہ سے پروپیگنڈا کررہاہے، ڈی جی آئی ایس آئی کے افغان دورے پر بھارتی میڈیا واویلا کررہا ہے، کیا امریکا، برطانیہ اور دیگر ممالک کے لوگ افغانستان نہیں گئے، جو عالمی حالات کے تناظر میں ہم پردباؤ ڈالناچاہتے ہیں ہم جلد اس سے نکل آئیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے کلیدی کردار ادا کیا، ہم نے افغانستان سے 10 ہزار افراد کا انخلا کیا، کوئی بھی افغان مہاجر پاکستان نہیں آیا، ، سرحد کی دوسری طرف کی ذمہ داری افغانستان کی ہے، توقع کرتے ہیں افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔
مستونگ دھماکے کے حوالے سے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ آج مستونگ میں خودکش حملہ ہوا ہے، دھماکے میں3افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، جس وقت جوانوں کی شفٹ تبدیل ہوئی اس وقت دھماکا ہوا، کوئٹہ میں کافی دنوں سے دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں، دھماکے سے متعلق تحقیقات کررہے ہیں، ایجنسیاں فیصلہ کریں گی کہ اس حملے میں کون ملوث ہے۔