Sep 06, 2021 02:46 pm
views : 225
Location : different Areas
Islamabad- Defence Day, Nation observed to pay tributes to the martyrs and Ghazis
اسلام آباد، ملک بھر میں یوم دفاعِ پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا گیا،صدر ووزیر اعظم کا کہنا ہے افواج پاکستان نے بے مثال جرأت مندی سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا تھا
یوم دفاع کا آغاز وفاقی دار الحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ جنگ ستمبر کی یاد میں تمام چھاؤنیوں میں بھی خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں، اس موقع پر دفاعی ساز و سامان کی نمائش بھی کی گئی۔مسلح افواج کے غازیوں اور شہدا کو سلام اور خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے کراچی میں مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔اس پر وقار تقریب میں مزار قائد پرگارڈز کے فرائض پاک فضائیہ کےکیڈٹس نے سنبھال لیے۔
یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی پیغام میں صدر پاکستان عارف علوی نے کہا کہ افواج پاکستان نے بے مثال جرأت مندی سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا تھا، وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع و شہدا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زندہ قومیں آزمائشوں سے گزر کر اور بھی مضبوط ہوجاتی ہیں۔
سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا کہ قوم یقین رکھے پاک فضائیہ ملکی خود مختاری کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ یوم دفاعِ پاکستان ہماری تاریخ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ چھ ستمبر کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ چھ ستمبر 1965 کا دن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن اور قابل فخر باب ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمارے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان کا کہنا تھا کہ دشمن کیلئے پیغام ہے پاکستانی اپنی آزادی کی حفاظت کرنا بخوبی جانتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یوم دفاع منانے کا مقصد پاکستان کی جغرافیہ، اسکے نظریے اور جمہوریت کا تحفظ کرنا ہے۔