اسلام آباد، مستونگ اور گوادر واقعات میں ملوث دہشت گرد افغانستان سے آئے تھے، وزیرداخلہ کہتے ہیں پوری دنیا کے میڈیا میں افغانستان ٹاپ ٹرینڈ ہے، اور بھارتی میڈیا پاکستانی وفد کے دورہ افغانستان پر واویلا مچارہا ہے
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم افغانستان میں امن اور استحکام کے ساتھ ہیں، افغانستان کے نئے سیاسی حالات ایک حقیقت ہیں، ساری دنیا کی سیاست کا مرکز افغانستان بننے جا رہا ہے، پوری دنیا کے میڈیا میں افغانستان ٹاپ ٹرینڈ ہے، اور بھارتی میڈیا پاکستانی وفد کے دورہ افغانستان پر واویلا مچارہا ہے، بھارتی میڈیا کو دیکھ کر ہنسی آئی، پاکستانی وفد نےکابل کا دورہ کیا تو بھارت میں بے چینی پیدا ہوئی، ایسا لگ رہا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی افغانستان نہیں بھارت گئے ہیں، بھارت کے پیٹ میں درد ہے، دو دن تک جنرل فیض حمید بھارت کے میڈیا پر چھائے رہے، پاکستان کے علاوہ مختلف ملکوں کی ایجنسیوں کے افراد افغانستان جا رہے ہیں۔
وزیرداخلہ نے بتایا کہ طور خم کا دورہ کیا وہاں حالات ٹھیک ہیں، پاکستان میں کوئی فیوریٹ کیمپ نہیں، بھارت کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان میں کوئی مہاجر کیمپ نہیں، افغانستان سے جو لوگ بغیر دستاویزات آئے ہیں ان کا حکومت فیصلہ کرے گی، گوادر اور ایف سی پر دھماکے کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے، مستونگ اور گوادر میں حملہ کرنے والے دہشت گرد افغانستان سے آئے تھے، طور خم اور چمن کے اس جانب پاکستان اور دوسری طرف طالبان کا فیصلہ ہے، 12 تاریخ سے چمن اور طورخم بارڈر کھول رہے ہیں۔